لاہور پنجاب میں مزید 18مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس سے پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 26 ہوئی، ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 236 ہوگئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ٹویٹ میں پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید کیسز کی تصدیق کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔
جس کے ساتھ ملک بھر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 236 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ گزشتہ روز تفتان سے 736 زائرین آئے جن کو ڈی جی خان قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ آج 1276مزید زائرین آئیں گے، ان کو بھی ڈی جی خان قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ پنجاب میں 26، سندھ میں 172، بلوچستان میں 16 اور خیبرپختونخواہ میں 15مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وائرس جیسی وباء پر کسی قسم کی سیاست نہیں کرنی چاہیے ڈاکٹرز کے پاس ہڑتال پر جانے کا کوئی جواز نہیں آئیسولیشن وارڈز میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کو مکمل حفاظتی اور طبی سامان مہیا کر دیاگیا ہے، پنجاب میں مظفرگڑھ میں طیب اردگان لاہور میں پی کے ایل آئی راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اور بہاولپور میں سول ہسپتال کو کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

پنجاب میںاس وقت 1250 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں اور مزید 1000 وینٹی لیٹرز کی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین نے اس موقع پر مزید بتایا کہ اس وقت ڈیرہ غازی خان میں 736 افراد زیرنگرانی ہیں جن کو محدود کرکے ہر طرح کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ تمام صورتحال کے بارے عوام کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے۔